وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، جس کا سہرا حکومت کی مؤثر حکمت عملی اور پولیس کے اقدامات کو جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی رہنمائی میں صوبے میں جرائم میں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈائریکٹوریٹ) اور پنجاب پولیس نے جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اب پنجاب کے متعدد اضلاع میں معمولی جرائم بھی نمایاں طور پر کم ہو گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی سی ڈی کی عوام میں مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ایک پریمیئر ایجنسی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مریم نواز صرف تختیاں نہیں لگاتیں بلکہ کام بھی کر کے دکھاتی ہیں: عظمیٰ بخاری
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور خواتین کے تحفظ کو وزیراعلیٰ کی اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب پولیس کے ہر افسر اور اہلکار شہریوں سے شائستگی کے ساتھ بات کریں گے اور کسی بھی شہری کے خلاف جرائم پر سخت کارروائی ہوگی۔
