جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان نگہبان پیکج، نگہبان کارڈ، ستھرا پنجاب مہم اور عوامی مسائل کے فوری حل کے حوالے سے افسران کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ نگہبان کارڈ کی تقسیم کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کارڈز مستحق افراد کے گھروں تک پہنچائے جائیں اور شہریوں کو کسی ایک مقام پر جمع کرنے یا قطاروں میں کھڑا کرنے سے ہر صورت گریز کیا جائے، تاکہ ان کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو اور انہیں سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔
میر رضا اوزگن نے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کیا جائے۔ بالخصوص محکمہ مال سے متعلق شکایات پر کڑی نظر رکھنے اور زمین و جائیداد و ریونیو سے جڑے معاملات میں فی الفور کارروائی کا حکم دیا گیا تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
رمضان میں سیکیورٹی مزید سخت: ڈی پی او جہلم کی زیر نگرانی اہم اجلاس
اجلاس میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت ضلع بھر میں زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی بنانے، صفائی کے انتظامات میں کوتاہی برتنے والے عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی اور فیلڈ میں افسران کی مستقل موجودگی پر بھی زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز تجاوزات کے خلاف فوری اور موثر آپریشن کیا جائے تاکہ حکومتی ریلیف کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے واضح کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران کو متحرک، جوابدہ اور فیلڈ میں فعال رہنا ہوگا۔
