گجرات کے علاقے حاجی چک، نزدکھاریاں ایک افسوسناک حادثے میں 94 سالہ بزرگ شہری جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے فوری طور پر امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت پیراں دتہ ولد احمد خان کے طور پر ہوئی، جو حاجی چک کے رہائشی تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ ایک ٹریکٹر ٹرالی کے ٹائر کے نیچے آ گئے، جس کے نتیجے میں ان کی دائیں ٹانگ کرش ہو گئی۔ شدید چوٹوں اور خون بہنے کی وجہ سے بزرگ شہری موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ریسکیو عملے نے پولیس کی موجودگی میں میت کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کھاریاں منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی طور پر یہ حادثہ قرار دیا گیا ہے۔
کھاریاں میں تیز رفتار کار کی ٹکر: 70 سالہ خاتون جاں بحق، ڈرائیور فرار
مقامی افراد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دیہی علاقوں میں بھاری گاڑیوں اور زرعی مشینری کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جائے تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے مستقبل میں بچا جا سکے۔
