پاکستان نے بھارتی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پابندی اب مزید ایک ماہ تک برقرار رہے گی۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے اس حوالے سے نیا نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا گیا ہے۔
پی اے اے کے ترجمان کے مطابق بھارتی طیاروں پر عائد پابندی کو 24 فروری کی صبح 5 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد بھارتی ایئرلائنز کی پروازیں بدستور پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گی، جس کے باعث بھارت سے یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور دیگر ممالک جانے والی پروازوں کو طویل متبادل راستے اختیار کرنا ہوں گے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ فضائی حدود کی یہ بندش صرف مسافر طیاروں تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اس کا اطلاق بھارتی ایئرلائنز کے زیرِ ملکیت، آپریٹ یا لیز پر لیے گئے تمام طیاروں پر ہوگا۔ اس کے علاوہ بھارتی فوجی پروازیں بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی مجاز نہیں ہوں گی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو اضافی ایندھن، وقت اور آپریشنل اخراجات کا سامنا ہے، جبکہ بعض پروازوں کے دورانیے میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پابندی میں مزید توسیع بھارتی فضائی صنعت پر معاشی دباؤ میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔
پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی
واضح رہے کہ پاکستان نے یہ پابندی علاقائی سلامتی اور دو طرفہ کشیدگی کے تناظر میں عائد کی تھی، جسے اب متعدد بار توسیع دی جا چکی ہے۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فضائی حدود سے متعلق فیصلے قومی سلامتی اور بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد پابندی میں مزید توسیع یا نرمی سے متعلق فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم موجودہ نوٹم کے تحت 24 فروری کی صبح 5 بجے تک بھارتی طیاروں کیلئے پاکستانی فضائی حدود مکمل طور پر بند رہے گی۔
حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور فضائی حدود کے استعمال سے متعلق فیصلے حالات کے مطابق کیے جاتے رہیں گے۔
