گورنر پنجاب سردار سلیم خان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہیں اور وہ ایک نہایت ایماندار، بااصول اور محب وطن انسان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا، جہاں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی دلی خواہش ہے کہ وہ اپنی قیادت اور صلاحیتوں کے ذریعے ملک و قوم کے لیے کچھ کر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے تینوں سربراہان مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے مشکل حالات میں ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں رکھا اور قومی سلامتی کو یقینی بنایا۔
سردار سلیم خان نے کہا کہ جنگ میں کامیابی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے سنا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں حالات ایسے تھے کہ پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کو امریکی حکمرانوں سے ملاقات کے لیے بھاری قیمت چکانا پڑتی تھی، مگر اب صورتحال بالکل بدل چکی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ امریکی صدر خود پاکستانی قیادت کو ملاقات کی دعوت دے رہے ہیں، جو پاکستان کی سفارتی کامیابی اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے وقار کا ثبوت ہے۔
گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ پاکستان کبھی جنگ کا خواہاں نہیں رہا، بلکہ ہمیشہ امن کی بات کی ہے، تاہم بھارت کی جانب سے اکثر اوقات خطے میں کشیدگی مسلط کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو خطے میں امن، استحکام اور ترقی چاہتا ہے۔
فیلڈ مارشل کا مستقبل کی جنگوں کے تقاضوں کے مطابق تیاری اور جدت پر زور
داخلی سیاست پر بات کرتے ہوئے سردار سلیم خان نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کو پیشکش کی تھی، مگر پی ٹی آئی کی جانب سے انکار کے بعد پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ملکی استحکام اور سیاسی نظام کو آگے بڑھانے کے لیے کیا گیا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حوالے سے بھی گفتگو کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو پنجاب اور سندھ میں عزت اور پذیرائی ملی، مگر افسوس کہ انہوں نے اس احترام کا خیال نہیں رکھا اور سیاسی تلخی کو فروغ دیا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، مضبوط قیادت اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، اور فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسی قیادت ملک کے لیے امید کی کرن ہے۔
