پاکستانی موسیقی کے مقبول گلوکار حسن رحیم کے ایک مداح نے آٹوگراف لینے کا ایسا انوکھا اور دلچسپ طریقہ اپنایا جس نے دیکھنے والوں کو حیران بھی کیا اور محظوظ بھی۔
یہ غیر معمولی واقعہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جہاں صارفین نے اسے دلچسپ، مزاحیہ اور بعض نے خالص جنون قرار دیا۔
عام طور پر شائقین اپنے پسندیدہ فنکاروں سے آٹوگراف بک، پوسٹر، کپڑوں یا موبائل فون پر دستخط کرواتے ہیں، لیکن حسن رحیم کے اس مداح نے روایت سے ہٹ کر اپنے گنجے سر کو ہی آٹوگراف کے لیے پیش کر دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مداح پورے اعتماد کے ساتھ گلوکار کے سامنے کھڑا ہے اور حسن رحیم مسکراتے ہوئے اس کی منفرد فرمائش پوری کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اور تصاویر میں حسن رحیم کی خوش دلی اور مداح سے دوستانہ رویہ بھی نمایاں ہے۔ آس پاس موجود لوگ اس منظر سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیتے ہیں اور بعض افراد حیرت کے ساتھ اس لمحے کو اپنے موبائل فون میں محفوظ کرتے نظر آتے ہیں۔
نوجوانوں میں سیکھنے کی جستجو کم، ہر کوئی خود کو عقلِ کُل سمجھتا ہے:صبا فیصل
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصروں کی بھرمار کر دی۔ کچھ صارفین نے اسے مداح کی انتہا پسند محبت قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے اسے ہنسی مذاق اور مثبت انرجی سے بھرپور لمحہ کہا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’یہ آٹوگراف شاید سب سے زیادہ یادگار ہوگا‘‘ جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا کہ ’’یہی اصل فین فالوونگ ہوتی ہے‘‘۔
مداحوں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اپنے پسندیدہ فنکار سے محبت کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ بعض صارفین نے حسن رحیم کی عاجزی اور خوش اخلاقی کی بھی تعریف کی کہ انہوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے مداح کی درخواست پوری کی۔
یہ واقعہ نہ صرف سوشل میڈیا پر تفریح کا باعث بنا بلکہ فنکار اور مداح کے درمیان موجود محبت اور خلوص کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ ایسے لمحات شوبز انڈسٹری میں مثبت رنگ بھرتے ہیں اور شائقین کے لیے یادگار یادیں بن جاتے ہیں، جو طویل عرصے تک گفتگو کا موضوع رہتی ہیں۔
