تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے ضمنی انتخابات میں ریکارڈ کم ٹرن آؤٹ پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں ووٹ ڈالنے کی شرح صوبے کی تاریخ میں سب سے کم رہی، جو عوام کے الیکشن نظام پر عدم اعتماد کا واضح پیغام ہے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ صاف اور شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس موجود اعداد و شمار کے مطابق تحریک انصاف صوبہ پنجاب میں برتری حاصل کیے ہوئے تھی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی دھاندلی کی سیاست نہیں کرتی، بلکہ عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے۔ ان کے مطابق یہ ضمنی انتخابات تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کے لیے ایک "ویک اپ کال” ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہری پور میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں مواقع موجود تھے، جلسے اور جلوس بھرپور طریقے سے ہوئے، مگر پنجاب میں پی ٹی آئی کو مہم چلانے کی اجازت نہیں دی گئی جس کے باعث پارٹی نے وہاں انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے NA-18 ہری پور کے نتائج پر بھی اعتراض اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ جو نتائج دکھائے جارہے ہیں وہ ’حقائق کے مطابق نہیں‘۔
واضح رہے کہ این اے 18 میں مقابلہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب، مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان تھا، جبکہ چھ آزاد امیدوار بھی میدان میں موجود تھے۔
