خیبرپختونخوا میں سیاسی درجہ حرارت ایک بار پھر بلند ہو گیا ہے، جہاں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے دو اہم صوبائی وزرا عاقب اللہ اور فیصل ترکئی نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
فیصل ترکئی نے استعفے کی تصدیق سوشل میڈیا پر بھی کی، جہاں انہوں نے استعفے کی کاپی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوبائی کابینہ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔ دونوں وزرا نے اپنے استعفے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بھی ارسال کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں وزرا کا تعلق صوابی سے ہے۔ عاقب اللہ، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر اسد قیصر کے بھائی ہیں، جبکہ فیصل ترکئی، رکن قومی اسمبلی شاہرام ترکئی کے بھائی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان فراز مغل کا کہنا ہے کہ وزرا نے اپنی مرضی سے استعفیٰ دیا ہے، وزیراعلیٰ نے کسی وزیر سے استعفیٰ طلب نہیں کیا۔
ذرائع کے مطابق یہ استعفے پارٹی کے اندر جاری اختلافات اور قیادت کے مؤقف پر ممکنہ تحفظات کا شاخسانہ ہو سکتے ہیں، خاص طور پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سخت مؤقف کے باعث پارٹی کے اندر تناؤ کی فضا دیکھی جا رہی ہے۔
یہ پیش رفت خیبرپختونخوا کی سیاست میں مزید غیریقینی صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔