اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا کہ پارٹی کے ارکان کو کروڑوں روپے کی پیشکشیں کی گئیں، مگر انہوں نے سب کچھ قربان کرتے ہوئے بھی اصولوں پر کمپرومائز نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے جن کارکنوں کے بچے، کاروبار اور گھر متاثر ہوئے، وہ آج بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، اور یہی پی ٹی آئی کا اصل سرمایہ ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی نے مراعات لینے اور کیسز ختم کرانے کی راہ اختیار نہیں کی، بلکہ اپنی جدوجہد جاری رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے فائدے کے لیے راستہ بدلا، وہ ہم سے الگ ہو گئے، مگر ہم نے ہر مشکل کے باوجود پارلیمنٹ کا میدان خالی نہیں چھوڑا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے انتخابات چرائے گئے، دھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو مسخ کیا گیا، لیکن اس کے باوجود پارٹی نے ہار نہیں مانی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ وہ بانی چیئرمین عمران خان سے جلد ملاقات کریں گے، کیونکہ موجودہ صورتحال میں قیادت کی مشاورت ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نے آسان راستوں کو رد کر کے مشکل مگر باوقار راستے کا انتخاب کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ عام انتخابات کے بعد سے پی ٹی آئی مسلسل یہ مؤقف اختیار کیے ہوئے ہے کہ اسے اقتدار سے زبردستی باہر رکھا گیا، اور پارٹی کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں کا مقصد سیاسی وفاداریاں تبدیل کروانا تھا۔