پنجاب آرٹس کونسل نے تھیٹر ڈراموں کی مانیٹرنگ رپورٹ کی بنیاد پر اسٹیج اداکارہ غزل راجہ پر چھ ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ اس پابندی کے تحت وہ پنجاب بھر میں کسی بھی اسٹیج ڈرامے میں پرفارم نہیں کر سکیں گی۔
غزل راجہ پر غیر اخلاقی پرفارمنس کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اداکارہ کو پہلے بھی کئی مرتبہ وارننگ نوٹس جاری کیے جا چکے تھے، لیکن بہتری نہ آنے پر آخرکار پنجاب کونسل آف دی آرٹس نے چھ ماہ کی پابندی کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ غزل راجہ کے ساتھ ساتھ چھ دیگر اسٹیج اداکاراؤں کو بھی غیر معیاری اور غیر اخلاقی پرفارمنس پر نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں پلوشہ خان، نازی خان، کرن شہزادی، ترنم نور، رینا ملتانی اور رباب چوہدری شامل ہیں۔
ان تمام اداکاراؤں کو تین دن کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ملک تھیٹر اور ناز تھیٹر کو دورانِ ڈراما کیمروں کو بند رکھنے پر بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
تمام کارروائیاں پنجاب آرٹس کونسل کی ڈراما مانیٹرنگ ٹیم کی سفارشات کی روشنی میں کی گئی ہیں، جن کا مقصد اسٹیج ڈراموں میں معیار اور اخلاقی حدود کو برقرار رکھنا ہے۔