اعظم سواتی کو نیب نوٹس: پشاور ہائیکورٹ نے کارروائی سے روک دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف نیب خیبرپختونخوا کی کارروائی روک دی، عدالت نے نیب سے 16 جولائی تک جواب طلب کرلیا، اعظم سواتی نے کوہستان اسکینڈل پر جاری نوٹس کو چیلنج کیا تھا۔

پشاور، پاکستان تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما سینیٹر اعظم سواتی کو نیب خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ نے عبوری ریلیف دے دیا۔ عدالتِ عالیہ نے نیب کو کارروائی سے روک دیا ہے اور 16 جولائی تک جواب طلب کر لیا ہے۔

latest urdu news

اس معاملے پر اعظم سواتی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت دو رکنی بینچ نے کی، جس میں جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس خورشید اقبال شامل تھے۔ اعظم سواتی خود اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں دلائل دیتے ہوئے اعظم سواتی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ نیب خیبرپختونخوا نے ان کے مؤکل کو کوہستان اسکینڈل کے سلسلے میں طلب کیا ہے، جبکہ پہلے ہی ان کے خلاف 100 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کا نوٹس اسی سیاسی مہم کا تسلسل ہے جو ان کے خلاف جاری ہے، اور نوٹس میں کوئی واضح الزام بھی عائد نہیں کیا گیا۔

دورانِ سماعت جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ اعظم سواتی نیب انکوائری میں تعاون کریں، تاہم وکیل نے استدعا کی کہ ان کے مؤکل کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی نہ کی جائے۔ عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں، نیب اعظم سواتی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گا، البتہ درخواست گزار کو انکوائری میں شریک ہونا ہوگا۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب خیبرپختونخوا سے تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ اعظم سواتی پی ٹی آئی کے اُن رہنماؤں میں شامل ہیں جنہیں گزشتہ برس سے مختلف مقدمات اور الزامات کا سامنا ہے، اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر قانونی دباؤ کے تناظر میں نیب کی کارروائیاں سیاسی ماحول میں خاصی اہمیت اختیار کر چکی ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter