اے این ایف کا کریک ڈاؤن، 168 کلو سے زائد منشیات برآمد، 8 گرفتار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں 7 کارروائیوں کے دوران 168 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لیں، 8 ملزمان گرفتار، مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع۔

اسلام آباد: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے تعلیمی اداروں کے اطراف سمیت مختلف علاقوں میں سات کامیاب آپریشن کیے، جن کے دوران 168.443 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی اور آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

latest urdu news

ترجمان اے این ایف کے مطابق ان کارروائیوں میں برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت دو کروڑ چون لاکھ روپے سے زائد ہے۔ راولپنڈی کے مریڑ حسن علاقے میں اسکول کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 105 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں، جو وہ طلبہ کو فروخت کرنے کا اعتراف کر چکا ہے۔

فیصل آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے ایک مسافر کے سامان سے 988 گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ لاہور کے قصور روڈ پر تین ملزمان سے پانچ کلو ہیروئن اور تین ڈرون قبضے میں لیے گئے۔ حیدرآباد کے آٹو بھان روڈ پر کوریئر آفس کے قریب ایک گاڑی سے تین کلو چرس ملی، جبکہ تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر ایک گاڑی سے تین کلو ہیروئن اور 14.4 کلو چرس برآمد کی گئی۔ خیبر کے علاقے شاہکاس میں چھپائی گئی 30 کلو افیون اور 30 کلو چرس بازیاب ہوئی۔ بلوچستان کے ضلع چاغی، دالبندین کے داؤد آباد علاقے سے 18 کلو چرس برآمد کی گئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے کہ اے این ایف (اینٹی نارکوٹکس فورس) پاکستان میں منشیات کے خلاف سب سے بڑی وفاقی ایجنسی ہے، جو نہ صرف منشیات کی اسمگلنگ روکتی ہے بلکہ تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر نشہ آور اشیاء کی ترسیل کے خلاف بھی سرگرم ہے۔ ماضی میں بھی اے این ایف نے کئی اہم نیٹ ورکس کو بے نقاب کیا ہے، تاہم تعلیمی اداروں میں منشیات کی رسائی ایک سنگین اور ابھرتا ہوا مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter