منگل, 17 جون , 2025

بااثر ممالک نے ایران کے خلاف ووٹ ڈالنے کا کہا، پاکستان نے انکار کر دیا، اسحاق ڈار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد میں اسحاق ڈار نے بتایا کہ چند بااثر ممالک نے پاکستان پر آئی اے ای اے میں ایران کے خلاف ووٹ ڈالنے کے لیے دباؤ ڈالا، لیکن پاکستان نے صاف انکار کر دیا۔

اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ چند بااثر عالمی طاقتوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران کے خلاف انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (IAEA) کی قرارداد میں ووٹ دے، تاہم پاکستان نے اس دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اس مطالبے پر عمل کرنے سے صاف انکار کر دیا۔

latest urdu news

نجی نیوز ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختار خارجہ پالیسی پر قائم ہے اور کسی بیرونی دباؤ کے تحت فیصلے نہیں کیے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران پاکستان کا ہمسایہ ملک ہے اور پاکستان خطے میں کسی نئی کشیدگی کا خواہاں نہیں۔

اسحاق ڈار نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسرائیل اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں ایک "بدمعاش ریاست” کا کردار ادا کر رہا ہے، اور اگر عالمی برادری نے اسے نہ روکا تو صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل اور بھارت کے درمیان گٹھ جوڑ نمایاں ہے، جبکہ بھارت کا موجودہ رویہ بھی خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، جو پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی اور سفارتی اصولوں پر کاربند ہے اور کسی ایسے اقدام کا حصہ نہیں بنے گا جو خطے میں تنازع یا تصادم کا سبب بنے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نے عالمی توجہ حاصل کر رکھی ہے، اور کئی مغربی ممالک ایران پر بین الاقوامی دباؤ بڑھانے کی کوششیں کر رہے ہیں، جن میں IAEA کی حالیہ قرارداد بھی شامل ہے۔ ایسے میں پاکستان نے ایک بار پھر غیر جانبدار اور خودمختار خارجہ پالیسی کی مثال قائم کی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter