وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک سنگین اور غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر ایرانی عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی ایک پہلے سے غیر مستحکم خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے منفی اثرات خطے اور عالمی امن دونوں پر مرتب ہو سکتے ہیں۔
شہباز شریف نے عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سفارتی مداخلت کرے تاکہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا جا سکے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کی مخالفت کرتا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام فریقین کو تحمل اور دانشمندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔