لاہور، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی طبیعت اچانک ناساز ہو گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، انہیں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لے جایا گیا جہاں ماہرین کی ٹیم ان کی صحت کا بغور معائنہ کر رہی ہے۔
ابتدائی طور پر دل کے عارضے کے خدشے کے تحت مختلف طبی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی حالت کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ طبیعت کی خرابی کا علم ہوتے ہی فوری طور پر ڈاکٹرز کو الرٹ کیا گیا اور خواجہ سعد رفیق کو بروقت اسپتال منتقل کر کے نگرانی میں لے لیا گیا۔
ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی حالت اس وقت مستحکم ہے، تاہم حتمی صورتحال مزید ٹیسٹ رپورٹس کے بعد واضح ہو گی۔
مسلم لیگ (ن) کے قائدین اور کارکنوں کی جانب سے خواجہ سعد رفیق کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے، سیاست، عوامی خدمات اور پارٹی تنظیم میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیت کی اچانک طبیعت بگڑنے پر ن لیگی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔