لاہور: تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ نامناسب ویڈیو شیئر کرنے کے الزام پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ لاہور کے علاقے شاہدرہ سے تعلق رکھنے والے پولیس انسپکٹر مظہر کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے انسپکٹر مظہر کی درخواست پر شہباز گل کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کی ہے۔ شکایت کنندہ کا موقف ہے کہ شہباز گل نے سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز شیئر کیں جن سے ان کی ذاتی ساکھ اور وقار کو شدید نقصان پہنچا۔
NCCIA کے حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی روشنی میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور تمام متعلقہ ڈیجیٹل شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ سائبر کرائم قوانین کے تحت کیس کی تفتیش جاری ہے اور جلد اس میں پیش رفت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، مقدمہ پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کے تحت درج کیا گیا ہے، اور اگر شہباز گل کو مجرم پایا گیا تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔