اسلام آباد،انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارت پہلگام واقعے کو جواز بنا کر کشمیریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، اور کشمیری قوم اس ظلم کی بھاری قیمت چکا رہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ پہلگام حملے میں صرف ہندو نہیں بلکہ مسلمان اور دیگر ممالک کے افراد بھی متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی اپنی فیملی بھی بھارتی مظالم کا شکار ہے، اور انہیں اپنے شوہر یاسین ملک سے بات کرنے کی اجازت تک نہیں دی جاتی، ہزاروں کشمیری خاندانوں کو زبردستی ایک دوسرے سے جدا کر دیا گیا ہے۔
مشعال ملک نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے،انہوں نے کہا کہ اگرچہ کئی سفارتی کوششیں ہوئیں لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا، کیونکہ بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔ تاہم، اب عالمی برادری کے پاس مداخلت کے لیے ایک موزوں موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کشمیری کے پاس اپنی ایک درد بھری کہانی ہے، بے گناہ کشمیری مارے جا رہے ہیں، جنازے اٹھ رہے ہیں اور بھارت پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جنگ کا کوئی فاتح نہیں ہوتا، صرف انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے، اور اس وقت لائن آف کنٹرول پر حالات نہایت خراب ہیں۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، بھارتی فوج بھی جنگ سے گریزاں نظر آ رہی ہے،چین اور بنگلہ دیش کا مؤقف قابلِ تعریف ہے، جبکہ مودی سرکار نے خود اپنے ہی مفادات کو نقصان پہنچایا ہے۔
