لاہور،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
انہوں نے لاہور میں ایس او ایس ویلیج کی گولڈن جوبلی کے موقع پر ہونے والی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، اس موقع پر ادارے کی صدر ثریا انور، سینیٹر ولید اقبال، کامران لاشاری اور سابق وفاقی وزیر جاوید لطیف بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آج اس تقریب میں آیا ہوں، ان کا شکر گزار ہوں اور ایس او ایس چلڈرن ویلیج کو اس شاندار موقع پر دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، اگر بورڈ اجازت دے تو میں ایک بچے کی اعلیٰ تعلیم کے اخراجات خود اٹھانے کو تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ایس او ایس نے گزشتہ پچاس برسوں میں اپنے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کیے، اگرچہ پاکستان کو معاشی چیلنجز درپیش رہے، لیکن اب حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں اور اقتصادی استحکام کے ساتھ نئے روزگار بھی پیدا ہو رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے ایس او ایس ویلیج کے لیے 10 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں،انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے بچے تعلیم کے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ان کا مقصد تھیٹر سے غیر مناسب مواد کا خاتمہ اور اسے ایک مثبت و خاندانی تفریح کا ذریعہ بنانا ہے، اس مشن میں کسی قسم کی دھمکیوں یا دباؤ کی پروا نہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تھیٹر کا ماحول ایسا ہونا چاہیے جہاں خاندان بھر اعتماد کے ساتھ ڈرامے دیکھنے آئیں، اسی لیے تھیٹر مالکان اور فنکاروں کو بہتری کے لیے1 سال کا وقت دیا گیا تھا۔
