فینکس راس اور اولی پیٹرسن نے 17 پونڈ وزنی اسکوچ ایگ تیار کرکے دو دہائیوں پرانا ریکارڈ توڑ دیا، گنیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج۔
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے مشہور سوشل میڈیا شیفس فینکس راس اور اولی پیٹرسن نے دنیا کا سب سے بڑا اسکوچ ایگ تیار کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ دونوں شیفس نے اپنی مہارت اور محنت سے وہ کارنامہ انجام دیا جس کا ریکارڈ گزشتہ دو دہائیوں سے قائم تھا۔
انہوں نے 13 پونڈ 10 اونس وزنی پرانے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے 17 پونڈ اور 3.84 اونس وزنی دیوہیکل اسکوچ ایگ تیار کیا، جو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھی باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
اس دیوقامت ایگ کی تیاری میں شترمرغ کے انڈے کا استعمال کیا گیا، جسے گوشت کے سوسیج سے لپیٹا گیا اور پھر ڈبل بریڈ کرمبز سے کوٹ کرنے کے بعد گہرے تیل میں فرائی کیا گیا۔ یہ طریقۂ کار اگرچہ روایتی اسکوچ ایگ جیسا تھا، مگر سائز کے باعث خاص مہارت کا متقاضی تھا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ابتدائی طور پر اس منصوبے میں انہیں ناکامی کا سامنا بھی کرنا پڑا کیونکہ پہلی کوشش کے دوران انڈا ٹوٹ کر بکھر گیا، تاہم دونوں شیفس نے ہار نہ مانی اور دوبارہ کوشش کی، جو بالآخر کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسکوچ ایگ کا سب سے بڑا ریکارڈ 13 پونڈ 10 اونس تھا جو تقریباً 20 سال سے قائم تھا۔ شیفس فینکس اور اولی کی یہ کوشش نہ صرف ان کے فن کا مظہر ہے بلکہ عالمی باورچی برادری میں بھی ایک نمایاں اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔