زلزلے کے بعد سونامی کی تباہ کاریاں: جاپان، روس متاثر، امریکا اور ایکواڈور کو خطرہ

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

روس کے مشرقی ساحلی علاقے میں 8.8 شدت کے زلزلے کے بعد جنم لینے والی سونامی کی لہریں اب مختلف ممالک کو اپنی لپیٹ میں لینے لگی ہیں۔ جاپان اور روس پہلے متاثر ہوئے ہیں، جبکہ امریکا، کینیڈا اور ایکواڈور سمیت کئی ساحلی ممالک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

latest urdu news

جاپان کے شمالی ساحل سے سونامی کی پہلی لہر ٹکرا گئی

جاپانی سرکاری نشریاتی ادارے "این ایچ کے” کے مطابق سونامی کی ابتدائی لہر ہوکائیدو کے ساحل سے ٹکرا گئی، جس کی اونچائی تقریباً 30 سینٹی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ صرف شروعات ہے اور آنے والی لہریں کہیں زیادہ طاقتور ہو سکتی ہیں۔

جاپانی ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے ملک کے 133 ساحلی علاقوں میں ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر 9 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ فی الحال کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

روس کا قصبہ سونامی کی زد میں، بندرگاہ زیرِ آب

زلزلے کا مرکز روس کے مشرقی علاقے میں واقع تھا، جہاں سب سے پہلے سونامی نے سیویرو-کورلسک نامی ساحلی قصبے کو نشانہ بنایا۔ مقامی حکام کے مطابق قصبہ سمندری پانی میں ڈوب گیا، تاہم خوش قسمتی سے تمام رہائشیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں عمارتوں کو پانی میں ڈوبا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ بندرگاہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

امریکا اور کینیڈا کی ساحلی ریاستیں خطرے میں

امریکی نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے مغربی ساحلی ریاستوں کیلیفورنیا، اوریگون، واشنگٹن، الاسکا اور برٹش کولمبیا (کینیڈا) کے لیے سونامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ شہریوں کو ساحل سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ہوائی کے دارالحکومت ہونولولو میں بھی سائرن بجائے گئے ہیں اور شہریوں کو بلندی کی طرف منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے، بالخصوص وہ عمارتیں جو کم از کم 10 منزلہ ہوں۔

ایکواڈور کو 3 میٹر اونچی لہروں کا خطرہ

روس کے ساحل پر آنے والے اس طاقتور زلزلے کے اثرات جنوبی امریکا تک جا پہنچے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایکواڈور کے ساحلی علاقوں میں 3 میٹر (تقریباً 10 فٹ) تک بلند لہریں ٹکرا سکتی ہیں۔ مقامی حکومت کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو انخلاء کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔

1952 کے بعد کا سب سے طاقتور زلزلہ

ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ یہ زلزلہ روس کے مشرقی ساحلی علاقے میں 1952 کے بعد ریکارڈ ہونے والا سب سے طاقتور زلزلہ ہے۔ 7.5 شدت تک کے آفٹر شاکس آنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

عالمی سطح پر ہائی الرٹ، صورتحال نازک

ماہرین اور ریسکیو ادارے موجودہ صورتحال کو انتہائی حساس قرار دے رہے ہیں۔ اگرچہ نقصانات کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم تمام متاثرہ اور ممکنہ متاثرہ ممالک کی حکومتیں ریسکیو اور انخلاء آپریشنز میں سرگرم ہیں۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter