امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان ممکنہ امن معاہدے کے لیے کوئی مقررہ ڈیڈ لائن نہیں رکھی گئی اور یہ ڈیل دونوں ممالک کے لیے یکساں فائدہ مند ثابت ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے اپنے طیارے میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یورپی ممالک اس معاہدے کی سکیورٹی گارنٹیز میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوکرین اس پیشرفت پر مطمئن ہے اور جلد ہی وہ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن عمل میں تیزی آ رہی ہے اور امریکی سفارتکاری اس سلسلے میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔
قبل ازیں ٹرمپ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنے نمائندے سٹیو وٹکوف کو صدر پیوٹن سے ملاقات کی ہدایت کی ہے۔ اس ملاقات کا مقصد یوکرین امن منصوبے کے 28 نکاتی مسودے کو حتمی شکل دینا ہے۔
امریکی صدر کے مطابق یہ مسودہ امریکا نے تیار کیا تھا، جسے فریقین کی تجاویز کی روشنی میں اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے، تاہم چند نکات پر اتفاقِ رائے ابھی باقی ہے۔
