واشنگٹن / مسقط، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران جو مطالبات کر رہا ہے، وہ امریکہ کے لیے ناقابل قبول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران یورینیم کی افزودگی جاری رکھنا چاہتا ہے، جسے امریکہ کسی صورت برداشت نہیں کر سکتا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا چھٹا دور اتوار کے روز عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے جا رہا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے اس ملاقات کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی مذاکرات کار سخت گیر مؤقف رکھتے ہیں اور امریکہ اس معاملے پر گہرائی سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے متعلق امور پر اسرائیلی وزیر اعظم سے بھی مشاورت ہوئی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان آئندہ اہم بات چیت جمعرات کو طے ہے، لیکن اگر ایران نے غیر حقیقی مطالبات پر اصرار جاری رکھا تو معاہدہ مشکل ہو جائے گا۔