آج پاکستان اور بھارت میں کئی اہم سفارتی و عسکری سرگرمیاں متوقع ہیں، جن پر علاقائی صورتحال کے تناظر میں خاص نظر رکھی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آج نئی دہلی میں بھارت کی تینوں مسلح افواج کے سربراہان سے مشاورت کریں گے۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال حساس ہے، خاص طور پر حالیہ کشمیری واقعات کے بعد۔
بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ آج جنوبی جموں کے دورے پر ہیں، جہاں گزشتہ رات دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ سیکیورٹی ادارے ان دھماکوں کی نوعیت اور محرکات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ادھر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں آج سعودی عرب کے معاون وزیر خارجہ کی آمد متوقع ہے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق وہ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے جن میں خطے کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور سیکیورٹی امور زیر بحث آئیں گے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ سعودی معاون وزیر خارجہ نے اس سے قبل جمعرات کو بھارت کا غیر علانیہ دورہ کیا تھا۔ بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے مطابق یہ ملاقات "مثبت اور نتیجہ خیز” رہی، جس میں بھارت نے دہشت گردی کے خلاف اپنا مؤقف کھل کر پیش کیا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی دونوں ہمسایہ ممالک سے حالیہ سفارتی مشاورت ایک متوازن خارجہ پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی میں کمی لانا ہو سکتا ہے۔