عراق کے مقدس شہر کربلا میں کلورین گیس کے اخراج کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 600 سے زائد زائرین کو سانس لینے میں دشواری کے باعث قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
عراقی وزارت صحت کے مطابق، واقعہ کربلا اور نجف کے درمیان واقع ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں کلورین گیس کے لیک ہونے سے پیش آیا۔ متاثرہ 621 افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، اور حکام نے تصدیق کی ہے کہ تمام افراد کو ضروری علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
یہ علاقہ ان لاکھوں شیعہ زائرین کی گزرگاہ ہے جو امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے مزارات کی زیارت کے لیے عراق آتے ہیں، خصوصاً اربعین کے موقع پر جب دنیا بھر سے عقیدت مند کربلا کا رخ کرتے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ کلورین گیس کی لیکج واٹر پلانٹ کی تکنیکی خرابی کے باعث ہوئی۔ عراق کا بنیادی ڈھانچہ کئی سالوں سے جاری جنگ، بدعنوانی اور انتظامی غفلت کے باعث شدید متاثر ہے، جس کی وجہ سے اکثر حفاظتی اقدامات نظر انداز کیے جاتے ہیں۔
حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔