پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ "وعدۂ صادق 3” آپریشن میں "قدر-ایچ” میزائل کے ذریعے اسرائیل پر 21واں حملہ کیا گیا۔ حملے میں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز بھی شامل تھے۔
تہران، ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کے خلاف جاری آپریشن "وعدۂ صادق 3” کے تحت 21واں حملہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ "قدر-ایچ” ملٹی وارہیڈ بیلسٹک میزائل کا استعمال کیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے میں سالڈ اور لیکوئیڈ فیول بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ ساتھ ڈرونز بھی استعمال کیے گئے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق "قدر-ایچ” میزائل ایک سے زائد وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، اور اس حملے میں میزائل کی درستگی اور اثر کو بڑھانے کے لیے مختلف حکمتِ عملیوں کو استعمال کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ایرانی میزائلوں نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں شمال سے جنوب تک کئی اہداف کو نشانہ بنایا، جس سے اسرائیلی دفاعی نظام کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔
پاسدارانِ انقلاب نے واضح کیا کہ ایران کے حملوں میں کسی قسم کی کمی نہیں آئے گی، اور اسرائیلی شہریوں کو مستقل خطرے کے سائرن سننے پڑیں گے کیونکہ ایران کی مزاحمتی حکمتِ عملی جاری رہے گی۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، اور ایران کی طرف سے جوابی کارروائیوں میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔