تہران میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں ماجد موسیبی کو سزائے موت دے دی گئی، ایران میں حالیہ دنوں درجنوں گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔
تہران: ایران نے اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک اور شہری کو سزائے موت دے دی ہے۔ ایرانی عدلیہ کے ترجمان ادارے میزان کے مطابق، ماجد موسیبی نامی شخص کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے جرم میں سزا سنائی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں نے میزان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ماجد موسیبی پر اسرائیل کے لیے حساس معلومات اکٹھی کرنے، ایرانی سلامتی اداروں کی نگرانی اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا، جسے عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزائے موت دی۔
واضح رہے کہ 13 جون کو ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد سے ملک میں سیکیورٹی اداروں نے موساد سے مبینہ تعلق رکھنے والے درجنوں افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام گرفتاریاں قومی سلامتی کے دفاع کے لیے کی جا رہی ہیں۔
یہ پہلا واقعہ نہیں، گزشتہ ہفتے بھی ایران نے موساد کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک شہری کو سزائے موت دی تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران نے اسرائیل کے خلاف داخلی سطح پر بھی سخت ردعمل اپنایا ہے۔
یاد رہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی میں نہ صرف عسکری بلکہ خفیہ محاذ پر بھی ٹکراؤ بڑھ چکا ہے، اور ایران موساد کی مبینہ سرگرمیوں کو سختی سے کچلنے کے لیے قانونی و سیکیورٹی اقدامات کر رہا ہے۔