بھارتی فضائیہ کو تربیتی اور آپریشنل سطح پر بدترین ناکامی کا سامنا، تکنیکی خرابیوں، تربیتی مسائل اور حادثات نے کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے، پاک فضائیہ کے ہاتھوں 6 بھارتی طیارے بھی تباہ ہوئے۔
اسلام آباد،بھارتی فضائیہ کو حالیہ برسوں میں تربیتی اور آپریشنل شعبوں میں انتہائی شرمناک ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس نے نہ صرف اس کے اندرونی مسائل کو بے نقاب کر دیا ہے بلکہ عسکری حکمت عملی پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ اندرونی طور پر تکنیکی خرابیوں، ناقص تربیت، اور غیر پیشہ ورانہ رویوں کا شکار ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں دو سال کے دوران متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں۔
تازہ ترین واقعے میں 2 اپریل 2025 کو جام نگر کے قریب بھارتی فضائیہ کا جگوار لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس میں پائلٹ بھی جان کی بازی ہار گیا، اس سے قبل 7 مارچ 2025 کو ایک ہی دن میں بھارتی فضائیہ کو دو بڑے حادثات کا سامنا کرنا پڑا، نومبر 2024 میں آگرہ کے قریب ایک مگ 29 طیارہ تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث زمین بوس ہوا، اکتوبر 2024 میں بہار میں اے ایل ایچ ہیلی کاپٹر کے انجن فیل ہو جانے کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، جس سے ہیلی کاپٹر کو شدید نقصان پہنچا۔
جون 2024 میں ناسک، مہاراشٹرا میں سخوئی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران تباہ ہوا، جبکہ 3 اپریل 2024 کو لداخ میں آپریشنل تربیتی مشن کے دوران اپاچی ہیلی کاپٹر کو بھاری نقصان پہنچا، اس کے علاوہ، 12 مارچ 2024 کو راجستھان میں ایک لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ اور 13 فروری 2024 کو مغربی بنگال میں ہاک ایم کے-132 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔
یہی نہیں، بلکہ 6 اور 7 مئی کو ہونے والے معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے 6 طیارے مار گرائے، جن میں تین جدید ترین رافیل طیارے بھی شامل تھے، ان مسلسل حادثات اور ناکامیوں نے نہ صرف بھارتی فضائیہ کی تربیتی اہلیت کو مشکوک بنا دیا ہے بلکہ اس کی مجموعی آپریشنل صلاحیت کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ کو اس سے پہلے بھی کئی عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، خاص طور پر 2019 میں پاکستان کے ہاتھوں ونگ کمانڈر ابھی نندن کے طیارے کی تباہی اور گرفتاری کے بعد اس کی کارکردگی پر پہلے ہی کئی سوالات اٹھ چکے ہیں، اب تازہ حادثات نے ان خدشات کو مزید تقویت دی ہے کہ بھارتی فضائیہ اندرونی طور پر شدید بحران کا شکار ہے۔
بھارتی فضائیہ کی ان پے در پے ناکامیوں کے بعد خود بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے بھی اعتراف کیا ہے کہ پاکستان ایئر فورس نے ان کے متعدد طیارے مار گرائے، جو بھارتی عسکری حکمت عملی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔