غزہ میں سے مزید 94 فلسطینی شہید، شہداء کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر گئی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں صرف 24 گھنٹوں میں 94 فلسطینی شہید، 439 زخمی؛ غذائی قلت، قحط اور بمباری سے انسانی بحران بدترین صورت اختیار کر گیا۔

غزہ: اسرائیلی جارحیت کے سامنے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ کسی طور رک نہ سکا۔

latest urdu news

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صیہونی افواج کے وحشیانہ حملوں میں مزید 94 فلسطینی شہید اور 439 زخمی ہو گئے، جس کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 60 ہزار 933 تک جا پہنچی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد بھی ایک لاکھ 50 ہزار 27 ہو چکی ہے۔

رپورٹس کے مطابق غزہ میں خوراک کی شدید قلت کے باعث قحط کی صورتِ حال بدترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اس خوفناک انسانی المیے کے دوران غذائی قلت سے بھی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، جن میں 93 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ خوراک کی تلاش کے دوران 29 مزید فلسطینی شہید ہو گئے۔

اسرائیلی افواج کی جانب سے انسانی ہمدردی کے اداروں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حالیہ بمباری میں ہلالِ احمر کی عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس حملے میں ہلالِ احمر کا ایک رکن جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہوئے۔

عرب ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں یا تباہ حال راستوں کی وجہ سے اسپتالوں تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔ سڑکوں پر امدادی گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہونے سے انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اور شدید زخمی افراد بے یار و مددگار کھلے آسمان تلے سسک رہے ہیں۔

غزہ کے عوام نہ صرف اسرائیلی بمباری کے نشانے پر ہیں بلکہ انہیں خوراک، پانی، ادویات اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ کئی مہینوں سے جاری مسلسل حملوں کے نتیجے میں غزہ مکمل طور پر کھنڈر میں تبدیل ہو چکا ہے، جہاں اسپتال، اسکول، پناہ گاہیں اور ریلیف مراکز تک بمباری کا نشانہ بن چکے ہیں۔ عالمی برادری کی خاموشی اس ظلم کی سنگینی کو مزید گہرا کر رہی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter