بنگلورو، حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران جعلی خبریں پھیلانے کے معاملے پر بھارتی صحافی ارناب گوسوامی اور بی جے پی کے آئی ٹی ونگ کے سربراہ امیت مالویہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق، دونوں شخصیات پر یہ مقدمہ انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے دائر کیا گیا، پولیس کے مطابق الزام ہے کہ ان افراد نے جان بوجھ کر عوام کو گمراہ کرنے کے لیے جھوٹی اور اشتعال انگیز معلومات پھیلائیں، جس سے سوشل میڈیا پر بے چینی میں اضافہ ہوا۔
مدعیان کے مطابق، یہ منظم طریقے سے کی جانے والی مجرمانہ سازش تھی جس کا مقصد بی جے پی حکومت کے بیانیے کو مضبوط کرنا اور پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا پھیلانا تھا۔
یاد رہے کہ ارناب گوسوامی حالیہ کشیدگی کے دوران اپنے ٹی وی پروگرامز میں مبالغہ آمیز اور بے بنیاد دعوے کرتے رہے، جن کی حقیقت بعد میں کئی بار غلط ثابت ہوئی، بین الاقوامی سطح پر بھی ان کے دعووں کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور وہ بھارتی میڈیا کی ساکھ کے لیے شرمندگی کا باعث بنے۔
مزید برآں، گزشتہ روز اُنہیں اُس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب امریکہ کی مشہور جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی پروفیسر آف سکیورٹی اسٹڈیز، ڈاکٹر کرسٹین فیئر، ان کے لائیو شو کے دوران پروگرام چھوڑ کر چلی گئیں۔
بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فار م ”ایکس “پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس لیے پروگرام سے نکل گئیں کیونکہ میزبان اور شرکاء کی طرف سے مسلسل چیخ و پکار اور جنگی بیانیہ برداشت سے باہر تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایسے شور شرابے والے پروگرام میں وقت ضائع کرنے کے بجائے وہ زیادہ بامقصد کاموں کو ترجیح دیتی ہیں۔