نگران حکومت کے قیام کے بعد بنگلہ دیش میں نئی کرنسی متعارف کرائی گئی ہے جس پر اب شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر شامل نہیں۔ نوٹوں پر قدرتی مناظر اور ثقافتی ورثے کی عکاسی کی گئی ہے۔
ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں اتوار کے روز مرکزی بینک نے نئی سیریز کے کرنسی نوٹ جاری کیے ہیں، جن سے ملک کے بانی اور سابق صدر شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر ہٹا دی گئی ہے۔ یہ اہم پیش رفت نگران حکومت کے قیام کے بعد سامنے آئی ہے، جو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے اقتدار کے خاتمے اور ان کے بھارت میں جلاوطنی اختیار کرنے کے بعد عمل میں آئی۔
نجی نیوز ٹی وی چینل کے مطابق اس عبوری حکومت کی قیادت معروف ماہرِ معیشت محمد یونس کر رہے ہیں، جنہوں نے نئی حکومت کی تشکیل کے بعد مالیاتی اداروں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔ مرکزی بینک کے ترجمان عارف حسین خان نے عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اب جاری ہونے والے نوٹوں پر کسی انسانی شخصیت کی تصویر شامل نہیں کی جائے گی۔ اس کی جگہ قدرتی مناظر، تاریخی مقامات، ثقافتی ورثہ، مندروں اور محلات کی تصاویر شائع کی جائیں گی تاکہ کرنسی نوٹ قومی ورثے کی نمائندگی کریں نہ کہ کسی خاص سیاسی شخصیت کی۔
نئے نوٹوں میں ایک خاص بات بنگالی مصور زین العابدین کا وہ مشہور فن پارہ ہے جس میں بنگال کے قحط کا نقشہ کھینچا گیا تھا، وہ اب نوٹ کے ایک ڈیزائن کا حصہ ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان سے آزادی کی جنگ کے شہداء کی یادگار ’نیشنل مارٹرز میموریل‘ بھی ایک نوٹ پر شائع کی گئی ہے۔ اتوار کو نو مختلف مالیت میں سے ابتدائی طور پر تین نوٹ جاری کیے گئے جبکہ باقی نوٹ مرحلہ وار جاری کیے جائیں گے۔ تاہم موجودہ نوٹ اور سکے بدستور گردش میں رہیں گے اور انہیں غیر مؤثر نہیں کیا گیا۔
بنگلہ دیش میں کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن میں سیاسی تبدیلی کوئی نئی بات نہیں۔ 1972 میں ملک کی آزادی کے بعد جو پہلا نوٹ جاری ہوا، اس پر صرف بنگلہ دیش کا نقشہ تھا، بعد ازاں عوامی لیگ کی حکومت نے شیخ مجیب الرحمٰن کی تصویر کرنسی نوٹوں پر شائع کروائی، جو عشروں تک نوٹوں کا حصہ رہی۔
موجودہ تبدیلی ایک بڑی علامتی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، خصوصاً اس وقت جب سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ بھارت میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ ان پر بنگلہ دیش میں بغاوت کو کچلنے کی کوشش کا مقدمہ درج ہے اور انہوں نے عدالتی حکم کے باوجود وطن واپسی سے انکار کر دیا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں عوامی لیگ پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے، جو ملک کی سب سے پرانی اور بڑی سیاسی جماعت رہی ہے۔
یاد رہے کہ شیخ مجیب الرحمٰن کو بنگلہ دیش کا بانی تسلیم کیا جاتا ہے اور ان کی بیٹی شیخ حسینہ طویل عرصے تک ملک کی وزیر اعظم رہیں، تاہم حالیہ سیاسی ہلچل کے بعد نگران حکومت کے قیام اور عوامی لیگ پر پابندی کے ساتھ ملک میں طاقت کے توازن میں بڑی تبدیلی دیکھی جا رہی ہے، جس کا اثر اب کرنسی نوٹوں پر بھی نمایاں طور پر دکھائی دے رہا ہے۔