افغانستان، خودکش حملے کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش حملے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ حملے میں 13 زخمی ہوگئے۔
ترجمان کابل پولیس لد زدران نے ایکس پربیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کابل کے علاقے قلعہ بختیار میں خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جس سے 1 خاتون سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے اور اس افسوسناک حملے میں 13 زخمی بھی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق دھماکے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں، ابھی کسی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ افغانستان میں رواں سال مارچ میں جنوبی شہر قندھار میں بھی خود کش دھماکا ہوا تھا جس کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔
دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے پر 5 روز سے جاری اسرائیلی آپریشن میں اسلامی جہاد کے ارکان سمیت 29 فلسطینی شہید ہوگئے۔
الخلیل شہر میں مسلح افراد کی شدید فائرنگ سے 3 اسرائیلی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے، جنین کیمپ میں محصور فلسطینی خوراک، پانی اور بجلی سے بھی محروم ہوگئے۔