غزہ، اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ تھم نہ سکا، تازہ فضائی حملوں میں مزید 64 بے گناہ فلسطینی شہید ہو گئے۔
جمعے کی صبح سے اب تک غزہ کے مختلف علاقوں پر جاری اسرائیلی حملوں میں کم از کم 64 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک دکان پر بمباری کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک ہی خاندان کے 10 افراد کا ایک ہی حملے میں صفایا کر دیا گیا۔
مزید برآں، خان یونس کے زیتون محلے میں بھی بمباری کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہید ہو گئے۔
ادھر اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں خوراک کا شدید بحران ہے اور لاکھوں افراد فاقہ کشی کے دہانے پر ہیں۔
اسرائیلی حملوں کے 560 دن مکمل ہونے پر غزہ کی سرکاری میڈیا ٹیم نے ہلاکتوں اور مالی نقصان کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی فورسز نے غزہ میں 12 ہزار سے زائد اجتماعی قتل عام کے واقعات انجام دیے ہیں، جن کے نتیجے میں 51 ہزار 65 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 18 ہزار بچے اور 12 ہزار 400 سے زائد خواتین شامل ہیں۔
اس کے علاوہ، طبی شعبے سے وابستہ 1,402 اہلکار، 113 شہری دفاع کے اہلکار، 211 صحافی، 748 سیکیورٹی اہلکار اور 13 ہزار طلبا بھی اسرائیلی درندگی کا نشانہ بن چکے ہیں۔