اسلام آباد، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ 2روزہ دورہ پر آج پاکستان پہنچیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا بتانا ہے کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان آج 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔
شیخ عبداللہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون اور علاقائی سلامتی پر توجہ دی جائے گی۔
اماراتی وزیر خارجہ اپنے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے خصوصی بات چیت کریں گے، دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
یا درہے کہ یہ دورہ فروری 2025 میں ابو ظہبی میں دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد ہو رہا ہے، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا تھا، حال ہی میں، پاکستان اور یو اے ای نے بینکنگ، کان کنی، ریلویز، اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں کئی معاہدے کیے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
یو اے ای میں ایک ملین سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جو پاکستان کے لیے ترسیلات زر کا ایک اہم ذریعہ ہیں، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
