واشنگٹن، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کشمیر کے دیرینہ تنازع کے حل میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
سماجی رابطے کے اپنے پلیٹ فارم”ٹرتھ سوشل“ پر ایک پیغام میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کا کوئی دیرپا حل نکالنے کی کوشش کریں گے، شاید ہزاروں سال کے بعد اب اس مسئلے کا کوئی راستہ نکل آئے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس پیچیدہ تنازع کے حل کے لیے دونوں ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،ساتھ ہی انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ جنگ بندی کو سراہا اور اس پر قیادتوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کی قیادت نے بڑی دانشمندی، حوصلے اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں، ان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بروقت سمجھ لیا کہ کشیدگی جاری رہتی تو بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع اور تباہی ہو سکتی تھی۔
ٹرمپ نے کہا کہ ان بہادرانہ اقدامات نے دونوں ممالک کی قیادت کی میراث کو مزید مضبوط کیا، اور انہیں خوشی ہے کہ امریکا نے اس عمل میں ایک مددگار کردار ادا کیا۔
انہوں نے بھارت اور پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے ارادے کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ دونوں عظیم قوموں کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایک دن قبل ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم” ایکس“ پر بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کی ثالثی کے نتیجے میں بھارت اور پاکستان فوری جنگ بندی پر آمادہ ہو گئے ہیں، اور دونوں ممالک نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔