ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے اسرائیل کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے کئے جانے والا اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ ثابت ہوگا۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ حملہ ایران کے مفاد میں کیا، نیتن یاہو کو سمجھ جانا چاہئے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب آئے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل برسانے کے چند ہی لمحے بعد سوشل میڈیا پر عبرانی زبان میں ایک پوسٹ کی گئی جس میں انکی جانب سے کہا گیا کہ اللہ کی مدد سے مزاحمت محاذ جو ضرب صیہونی ریاست کو لگائے گا وہ اس سے کہیں زیادہ شدید اور تکلیف دہ ہوگی۔
اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر کے ایکس کے آفیشل اکاؤنٹ سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے میزائلوں کی بنی تصویر پوسٹ کی گئی جس پر ’نصر من اللہ و فتح قريب‘ درج تھا۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے گئے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے اور اسرائیلیوں نے بنکرز میں پناہ لی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور شیرون میں راکٹ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی اور اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی کی۔
تہران ٹائمز کے مطابق ایران نے میزائل حملوں میں اسرائیل کے ایف 35 جہازوں کے اڈے نیو اٹم ایئربیس کو نشانہ بنایا۔