برلن ،عالمی سطح پر مشہور پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے جرمنی کے خلاف میدان میں اترتے ہوئے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
40 سالہ رونالڈو نے یوئیفا نیشنز لیگ میں جرمنی کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنا 137 واں بین الاقوامی گول اسکور کیا، اور یہی گول میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا اور پرتگال کو ایونٹ کے فائنل میں پہنچا دیا۔
یہی جرمن ٹیم وہ واحد حریف تھی جس کے خلاف رونالڈو اپنے کیریئر کے پچھلے مسلسل 5 مقابلوں میں شکست سے دوچار ہوتے رہے تھے، تاہم اس بار تاریخ نے کروٹ لی اور رونالڈو کا گول پرتگال کے لیے فتح کا پیغام لے آیا۔
پرتگال نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد جرمنی کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دیکر 2000ء کے بعد پہلی بار جرمنی کو اُس کے ہی ہوم گراؤنڈ پر ہرا دیا، اس تاریخی جیت نے پرتگال کو یوئیفا نیشنز لیگ کے فائنل تک رسائی دلوا دی۔
اب پرتگال کا ٹاکرا 8 جون کو ہونے والے فائنل میں فرانس یا اسپین میں سے کسی ایک سے ہوگا،یاد رہے کہ یوئیفا نیشنز لیگ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کے روز جرمنی کے شہر شٹٹگارٹ میں فرانس اور اسپین کے درمیان کھیلا جائے گا۔