پاکستان کے سابق فاسٹ بولر احسان عادل نے اپنے کرکٹ کیریئر کا نیا باب شروع کرتے ہوئے امریکا کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنا لی ہے۔ وہ آئندہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کی نمائندگی کریں گے۔
32 سالہ احسان عادل، جو ماضی میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں، کو امریکا کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اگرچہ امریکا کرکٹ بورڈ نے ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا، لیکن رپورٹس کے مطابق 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکا نے 18 رکنی ٹیم منتخب کی ہے، جو سری لنکا کے دورے پر جائے گی اور سری لنکا اے کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ احسان عادل اس دورے کے لیے منتخب کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ سینئر کرکٹ صحافی پیٹر ڈیلا پینا کے مطابق یہی اسکواڈ فروری اور مارچ 2026 میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے برقرار رہنے کا امکان ہے۔ یہ ایونٹ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا۔
احسان عادل نے فروری 2013 میں جنوبی افریقہ کے خلاف سینچورین میں پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ وہ 2015 تک پاکستان کے لیے تین ٹیسٹ اور چھ ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیل سکے، جن میں انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ اور ون ڈے میچز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری، پاک بھارت میچ 15 فروری کو کولمبو میں ہوگا
ابتدائی کیریئر میں احسان عادل پاکستان انڈر 19 ٹیم کا حصہ رہے اور آسٹریلیا میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی شرکت کی۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے 67 فرسٹ کلاس میچز میں 245 وکٹیں، 67 لسٹ اے میچز میں 98 وکٹیں اور 68 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 86 وکٹیں حاصل کیں۔
احسان عادل کو پاکستان کے 2015 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ اسکواڈ میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ پاکستان کی جانب سے ان کا آخری بین الاقوامی میچ ایڈیلیڈ میں کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف رہا، جس میں میزبان ٹیم نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
