جنوبی افریقہ نے پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن کا ٹائٹل جیت لیا، فائنل میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فتح حاصل کی۔ پروٹیز نے 282 رنز کا ہدف 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر مکمل کیا، جبکہ ایڈن مرکرم نے شاندار سنچری کے ساتھ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 212 رنز بنائے، جس میں اسٹیو اسمتھ نے 66 اور بیو ویبسٹر نے اہم رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے 5، مارکو ہینسن نے 3 اور مہاراج و مرکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جہاں ڈیوڈ بیڈنگھم (45) اور ٹیمبا باووما (36) نمایاں رہے۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے 6 وکٹیں حاصل کیں، مچل اسٹارک نے 2 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے 74 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا، لیکن پوری ٹیم 207 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئی۔ مچل اسٹارک نے 58 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہتے ہوئے اہم اننگز کھیلی، جبکہ ایلکس کیری نے 43 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کو 282 رنز کا ہدف ملا، جسے پروٹیز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ ایڈن مرکرم نے شاندار 136 رنز کے ساتھ ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا، جبکہ ٹیمبا باووما نے 66 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں معاونت کی۔