سابق بھارتی کرکٹر دلیپ دوشی دل کے عارضے میں مبتلا تھے، 33 ٹیسٹ میچز میں 114 وکٹیں حاصل کیں، 1982-83 میں پاکستان کا دورہ بھی کیا تھا۔
نئی دہلی: بھارت کے سابق لیفٹ آرم اسپنر دلیپ دوشی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ معتبر کرکٹ ذرائع کے مطابق دلیپ دوشی کچھ عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور مسلسل علاج کے باوجود جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی وفات سے بھارتی کرکٹ ایک تجربہ کار اور کلاسیکی طرز کے اسپنر سے محروم ہو گئی ہے۔
دلیپ دوشی نے بھارت کی جانب سے 33 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 114 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ 1980 کی دہائی میں بھارتی ٹیم کے اہم اسپنرز میں شمار ہوتے تھے اور ان کی بولنگ نے کئی اہم میچز میں بھارت کو کامیابی دلائی۔
وہ 1982-83 کے پاکستان دورے میں بھی بھارتی ٹیم کا حصہ تھے، جہاں انہوں نے پاکستانی بیٹنگ لائن کے خلاف مؤثر اسپن بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
دلیپ دوشی کے انتقال پر کرکٹ حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے، سابق کھلاڑیوں اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات شیئر کیے ہیں۔
یاد رہے کہ دلیپ دوشی نے بھارت کی گھریلو کرکٹ میں بھی خاصی کامیابی حاصل کی اور ان کا کیریئر اسپن بولنگ کے کلاسیکی اور روایتی انداز کی عمدہ مثال سمجھا جاتا ہے۔