ایشیا کپ سپر فور: پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے سپر فور مرحلے کے دوسرے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دے دیا۔

بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جبکہ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔

latest urdu news

پاکستان کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے، جو 15 رنز بنا کر 21 کے مجموعی اسکور پر ہاردک پانڈیا کا شکار ہوئے۔ فخر زمان کو آؤٹ دینے کے فیصلے پر سوشل میڈیا پر شدید بحث چھڑ گئی اور صارفین نے اسے متنازع قرار دیا۔

فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 93 رنز تک پہنچایا۔ اس موقع پر صائم ایوب 21 رنز بنا کر دوبے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسین طلعت تھے، جو 110 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنا کر کلدیپ یادو کا شکار بنے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان 115 کے مجموعی اسکور پر 58 رنز بنا کر دوبے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ فرحان نے 45 گیندوں پر 3 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے شاندار اننگز کھیلی۔

محمد نواز 149 کے مجموعی اسکور پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کپتان سلمان آغا نے 17 اور فہیم اشرف نے 8 گیندوں پر 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہ کر ٹیم کا ہدف مضبوط بنایا۔

پاکستانی ٹیم میں آج دو تبدیلیاں کی گئیں، فہیم اشرف اور حسین طلعت کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔ قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، حسین طلعت، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔

بھارتی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئیں، جسپریت بمرا اور ورون چکرورتی کی واپسی ہوئی ہے۔

پاک بھارت ٹاکرا: سابق کھلاڑیوں نے فخر زمان کے کیچ آؤٹ کو متنازع قرار دے دیا

ایشیا کپ میں آج کا پاک بھارت ٹاکرا دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہو رہا ہے، اور اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ہینڈ شیک کے تنازع اور میچ کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کے سیاسی بیان کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ ماحول مزید خراب ہو چکا ہے۔ آج بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹاس کے بعد ہاتھ نہیں ملایا۔

واضح رہے کہ گروپ مرحلے کے میچ میں پاکستان کو بھارت نے 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter