پہلگام واقعے کے بعد بی سی سی آئی کا جارحانہ مؤقف، دو طرفہ سیریز کھیلنے سے انکار

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام کے سیاحتی مقام پر ہونے والے حملے کے بعد اب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاک بھارت سیریز سے متعلق اہم بیان جاری کردیا۔

نئی دہلی: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے ساتھ مستقبل میں کسی بھی دو طرفہ کرکٹ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

latest urdu news

ہندوستان ٹائمز کے مطابق بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے واضح طور پر کہا ہے کہ ’’ہم آئندہ مستقبل میں پاکستان کے ساتھ کسی بھی دو طرفہ سیریز میں نہیں کھیلیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم اس واقعے کے متاثرین کے ساتھ ہیں اور اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق ہی ہم فیصلے کرتے ہیں، اور حکومتی پالیسی کی روشنی میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات معطل رہیں گے۔

راجیو شکلا نے مزید وضاحت کی کہ جب آئی سی سی ایونٹس کی بات آتی ہے تو بی سی سی آئی آئی سی سی کے قوانین کے تحت کھیلنے کا پابند ہوتا ہے، لیکن دو طرفہ سیریز کے حوالے سے بھارت کا مؤقف بالکل واضح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’آئی سی سی کو بھی صورت حال کا علم ہے اور وہ مناسب ردعمل دے گا۔‘‘

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری دو طرفہ کرکٹ سیریز 2012-2013 کے سیزن میں کھیلی گئی تھی، جبکہ بھارت نے 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ اس کے بعد دونوں ممالک صرف آئی سی سی ایونٹس یا ایشیا کپ جیسے ٹورنامنٹس میں ہی مدمقابل آئے ہیں۔

واضح رہے کہ تین روز قبل مقبوضہ کشمیر کے پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے، جس کا الزام بھارت نے بغیر تحقیقات کے روایتی انداز میں پاکستان پر عائد کر دیا تھا۔ اس کے بعد بھارتی حکومت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے، واہگہ بارڈر بند کرنے اور پاکستانی سفارتکاروں کو واپس بھیجنے جیسے سخت اقدامات کا اعلان بھی کیا ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter