کراچی،شہرقائد سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
کیمپ انتظامیہ کے مطابق گزشتہ چار روز میں کراچی سے 823 افغان شہریوں کو چمن بارڈر کی جانب روانہ کیا گیا ہے،حاجی کیمپ میں قائم ریلیف سینٹر 24 گھنٹے خدمات فراہم کر رہا ہے تاکہ اس عمل کو باقاعدہ اور منظم انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات مزید 196 افغان باشندے چمن بارڈر کے لیے روانہ کیے گئے، جن میں 108 مرد، 28 خواتین اور 60 بچے شامل تھے۔
کیمپ میں موجود دیگر افراد کو بھی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد وطن واپس بھیجا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کا عمل اکتوبر 2023 میں شروع ہوا۔
اس اقدام کا مقصد ملک میں سیکیورٹی خدشات اور انتظامی دباؤ کو کم کرنا تھا، حکومت نے 31 مارچ 2025 تک رضاکارانہ واپسی کی ڈیڈ لائن دی، جس کے بعد یکم اپریل سے ملک بدری کا عمل تیز کر دیا گیا، اب تک لاکھوں افغان باشندے واپس جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
