پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ، بلال کیانی

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

 

latest urdu news

جہلم، وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی کا کہنا ہے کہ ملک بھر کی عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔

جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے جعفر ایکسپریس سانحے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے کامیاب آپریشن کیا اور سینکڑوں پاکستانیوں کی زندگیاں بچائیں، تاہم اس المناک حملے میں 26 افراد شہید ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ جب دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنایا، اس وقت تک 26 افراد شہید ہو چکے تھے، تاہم پاک فوج اور ایف سی کے بہادر جوانوں نے 354 جانیں بچائیں، شہداء میں 18 سیکیورٹی اہلکار بھی شامل تھے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ دہشت گردانہ حملوں کا کوئی جواز نہیں ہوتا، نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے، ہم ان عناصر کے خلاف بھی کھڑے ہیں جو بیرون ملک سے پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، پاکستان یہ جنگ ضرور جیتے گا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کے متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور جلد ہی اس پر سفری سہولت بحال کر دی جائے گی، انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے 33 دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچایا۔

بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس واقعے میں بھارت کا کردار بھی واضح ہو چکا ہے، کچھ سیاسی جماعتیں دہشت گردوں کے پراپیگنڈے کا حصہ بن رہی ہیں، پی ٹی آئی بھی اس منفی مہم کا حصہ رہی، تاہم بی ایل اے جیسے گروہوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور ہم سچائی کی بنیاد پر ہر منفی پروپیگنڈے کو شکست دیں گے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter