عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی 9 مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔
فیصل آباد، انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی 9 مئی کے کیسز میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور 9 مئی کیسز کی سماعت کے سلسلے میں فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے علی امین گنڈا پور کی 9 مئی کے چاروں مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی ہے اور انہیں 12 ستمبر کو دوبارہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی اپنی گاڑی سمیت احاطہ عدالت میں پہنچے اور سماعت کے بعد واپس جاتے ہوئے عدالت کے باہر موجود کارکنوں کے پاس رکے بغیر روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب رہنما مسلم لیگ ن طلال چودھری نے کہا کہ تحریک انصاف (پی ٹی آئی) دھڑے بندی کا شکار ہوچکی اور حکومت میں آنے کیلئے این آر او مانگ رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چودھری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی الگ الگ گروپوں میں منقسم ہوتی جارہی ہے اور یہ تقسیم پیسوں کی بندر بانٹ پر ہے، اب کوئی علیمہ، کوئی بشریٰ اور کوئی گنڈاپور گروپ ہے۔