لندن،سابق وزیر اعظم نواز شریف بیلاروس کا دورہ مکمل کر کے لندن پہنچ گئے۔
نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے منسک سے لندن کے لوٹن ایئرپورٹ پر پہنچے، جہاں وہ دو ہفتوں تک قیام کریں گے۔
سابق وزیراعظم لوٹن ایئرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ ایون فیلڈ روانہ ہو گئے، جہاں وہ لندن میں اپنے علاج کے ساتھ ساتھ سیاسی ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ، اس موقع پر خاتون اول امینے اردوان بھی موجود تھیں۔
صدر اردوان نے مریم نواز کا ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا، ملاقات میں انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ جلد ان سے ملاقات ہوگی۔
مریم نواز نے بھی نواز شریف کا خیر سگالی کا پیغام ترک صدر تک پہنچایا اور ترکیہ کے دورے کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا۔
