اسلام آباد، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جائیداد سے متعلق تنازعات کے حل کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ نے خصوصی بینچ تشکیل دے دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، قائم مقام چیف جسٹس خادم حسین سومرو نے سنگل بینچ VIII کو بیرون ملک پاکستانیوں کے دائر کردہ مقدمات، اپیلوں اور نظرثانی درخواستوں کی سماعت کے لیے مختص کیا ہے۔
یہ اقدام اسٹیبلشمنٹ آف اسپیشل کورٹ (اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی) ایکٹ 2024کے سیکشن 10 اور 13(1)(b) کے تحت کیا گیا ہے۔
ڈپٹی رجسٹرار (جنرل) محمد سرفراز شریف کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ فیصلہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش قانونی پیچیدگیوں، بالخصوص جائیداد کے تنازعات، کو تیزی سے نمٹانے کے لیے کیا گیا ہے۔
اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے بھی اس اقدام کی بھرپور حمایت کی۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اس پیش رفت سے عرصہ دراز سے زیر التوا قانونی معاملات میں تیزی آئے گی اور اوورسیز پاکستانیوں کو اپنے مقدمات کے منصفانہ اور مؤثر حل کے لیے ایک مخصوص عدالتی پلیٹ فارم میسر آئے گا۔
