عالمی بینک کی پاکستان کے لیے بڑی مالی معاونت، 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ منظور

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے، جسے ملکی معیشت کے استحکام اور عوامی خدمات کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ عالمی بینک کی جانب سے یہ منظوری پاکستان پبلک ریسورسز فار انکلوژو ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت دی گئی ہے، جس کا مقصد میکرو اکنامک استحکام کو مضبوط بنانا اور عوام کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات کے معیار میں بہتری لانا ہے۔

latest urdu news

عالمی بینک کے مطابق اس پروگرام کے تحت پاکستان کو مجموعی طور پر 1.35 ارب ڈالر تک فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جو مرحلہ وار جاری کی جائے گی۔ موجودہ مرحلے میں منظور کی گئی 700 ملین ڈالر کی رقم میں سے 600 ملین ڈالر وفاقی حکومت جبکہ 100 ملین ڈالر صوبہ سندھ کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ تاہم عالمی بینک نے واضح کیا ہے کہ فنڈز کی فراہمی مخصوص اصلاحاتی اہداف کے حصول سے مشروط ہوگی۔

بینک حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا بنیادی فوکس ٹیکس نظام میں اصلاحات، مالی نظم و نسق کو شفاف بنانے اور سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ ڈیجیٹل ڈیٹا کے استعمال اور مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کر کے عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاکہ وسائل براہِ راست عوامی فلاح پر خرچ ہو سکیں۔

عالمی بینک پاکستان کو رواں سال 2 ارب ڈالر سے زائد کا قرض دے گا

عالمی بینک کے مطابق یہ پروگرام بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی پروگرام سے بھی ہم آہنگ ہے، جس سے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔ خاص طور پر صوبہ سندھ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کے لیے وسائل میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔

عالمی بینک کا مزید کہنا ہے کہ ان اصلاحات کے نتیجے میں نہ صرف مالی شفافیت میں اضافہ ہوگا بلکہ حکومتی اداروں پر عوام کا اعتماد بھی بحال ہونے میں مدد ملے گی۔ ماہرین کے مطابق عالمی بینک کی یہ فنانسنگ پاکستان کے لیے موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter