کراچی میں انٹر بورڈ آفس کے قریب واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں 20 سالہ زبیر اور 18 سالہ ایان جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی۔
کراچی کے علاقے انٹر بورڈ آفس کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثے میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو نوجوان دوست، 20 سالہ زبیر اور 18 سالہ ایان جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دونوں نوجوان بچپن کے دوست تھے اور آئس کریم کھانے کے لیے گھر سے نکلے تھے۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل افراد نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، ڈرائیور کو مشتعل افراد سے بچایا اور اپنی مدد آپ کے تحت واٹر ٹینکر کی آگ بجھائی۔
پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر واٹر ٹینکر سمیت پاپوش نگر تھانے منتقل کر دیا ہے۔ متوفی زبیر کے بھائی رضوان نے بتایا کہ زبیر اور ایان گھر سے محض آئس کریم کھانے نکلے تھے کہ حادثے کا شکار ہوگئے۔
یاد رہے کہ کراچی میں واٹر ٹینکرز کے باعث ٹریفک حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔ چند روز قبل بلدیہ ٹاؤن میں ٹینکر کی ٹکر سے 4 سالہ بچہ جاں بحق ہوا تھا، جبکہ متعدد واقعات میں شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ ان واقعات کے بعد شہریوں کی جانب سے ٹینکر مافیا کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔