امریکا وعدے سے مکر گیا، اسرائیل کی دہشت گردی کو سپورٹ کرتا ہے، حافظ نعیم الرحمان

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے یوتھ ڈیجیٹل سمٹ میں کہا کہ امریکا نے ایران پر حملہ کرکے اخلاقی دیوالیہ پن ظاہر کیا، اسرائیل کی دہشت گردی کی کھلی حمایت کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقدہ یوتھ ڈیجیٹل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران پر حملہ کر کے ایک بار پھر اپنے وعدے کو توڑ دیا ہے، کیونکہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ دو ہفتے انتظار کریں گے، مگر حملہ پہلے ہی دن کر دیا گیا۔

latest urdu news

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ امریکا اخلاقی طور پر دیوالیہ ہو چکا ہے، وہ کسی بھی اصول یا قانون کو خاطر میں نہیں لاتا بلکہ صرف طاقت کی زبان میں بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سب سے بڑی دہشت گرد ریاست اسرائیل کو کھلم کھلا سپورٹ کر رہا ہے، جو پچھلے پونے دو سال سے فلسطین میں مسلمانوں کا قتلِ عام کر رہا ہے۔

انہوں نے حماس کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ حماس نے مزاحمت کو زندہ کیا اور مسلم حکمرانوں کو آئینہ دکھایا ہے۔ ان کے مطابق اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا اور خوش آئند بات یہ ہے کہ پوری ایرانی قوم اس حملے کے خلاف متحد ہے۔

یوتھ سمٹ کے تناظر میں بات کرتے ہوئے حافظ نعیم نے جماعت اسلامی کے میڈیا سیل کو کامیاب ایونٹ منعقد کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور خواتین کی بھرپور نمائندگی کو قابلِ فخر قرار دیا۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ حق اور سچ کی بنیاد پر چلنے والی تحریکوں کا حصہ بنیں اور دنیا میں ظالموں کے خلاف باضمیر انسانوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں ایران پر امریکی حملے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی شدید ہو چکی ہے، جس پر نہ صرف ایران بلکہ کئی مسلم رہنماؤں اور تنظیموں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمٰن کی تقریر بھی اسی تسلسل میں ایک مضبوط مؤقف کے طور پر سامنے آئی ہے۔

شیئر کریں:

ہمیں فالو کریں

frontpage hit counter