سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کراچی کے جناح گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں تمام سیاسی جماعتوں کو آئینی اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیاں انجام دینے کا حق حاصل ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی کی قیادت کا سندھ میں بھرپور استقبال کیا جائے گا اور انہیں سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے سے نہیں روکا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہو یا کوئی اور جماعت، پرامن سیاسی جدوجہد پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی جا سکتی۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی سیاسی سرگرمی کے دوران قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، تاہم جناح گراؤنڈ میں جلسے کے انعقاد پر فی الحال کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد امن و امان کو یقینی بناتے ہوئے سیاسی آزادیوں کا تحفظ کرنا ہے۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی فضا موجود نہیں، بیرسٹر علی ظفر
ناصر شاہ کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے کورنگی اور ساؤتھ زون میں بھی جلسوں کے انعقاد کے لیے درخواستیں دی گئی ہیں، جن پر قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان مقامات کے حوالے سے بھی اجازت کے معاملات زیر غور ہیں اور قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ کراچی میں جلسے کے دوران تمام انتظامی اور سکیورٹی معاملات کو قانون کے مطابق حتمی شکل دی جا سکے۔ سندھ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جلسہ پرامن ماحول میں منعقد ہو اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت مکمل طور پر قانون کے دائرے میں دی جا رہی ہے تاکہ تمام سیاسی جماعتیں عوام سے رابطہ رکھ سکیں اور اپنے ایجنڈے کے مطابق سرگرمیاں جاری رکھیں، کیونکہ جمہوری معاشرے میں سیاسی سرگرمیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔
